Placeholder image

ٹیکس دہندگان کی خدمات (ٹیکس پیئر سروسز)

ٹیکس دہندگان کی خدمات (ٹیکس پیئر سروسز)

ٹیکس دہندگان کے لئےخدمات کا شعبہ ایف بی آر کے معاون شعبوں میں سے ایک ہےجو ٹیکس دہندگان کو اُن کی ٹیکس کی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مدد دینے کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ٹیکس دہندگان کے لئےخدمات کا شعبہ ملکی ٹیکس  کا دائرہ کار بڑھانے کے لئے کی جانے والی کوششوں میں سب سے آگے ہے۔اس شعبہ کی کوششوں کی عکاسی درج ذیل سرگرمیوں سے ہوتی ہے۔

ایف بی آر ہیلپ لائن

ٹیکس دہندگان کے لئےخدمات  کے  شعبہ نے ایسے قدامات اٹھائے ہیں جن کی وجہ سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کی آگہی کے فروغ کے ذریعے ٹیکس کے گوشوارے  جمع کرانا  آسان ہو گیا ہے بلکہ ایف بی آر ہیلپ لائن کا فورم مہیا  کیاگیا ہے ۔ جہاں وہ ٹیلی فون کال کرکے  اپنے سوالات کے  جوابات حاصل کر سکتے ہیں  اور ای میل   اور ویب سائٹ سے مدد لیتے ہوئے   اپنے مسائل بھی حل کر سکتے ہیں۔

 عالمی معیار کے کسٹمر ریلیشن شپ منیجمنٹ سسٹم (Customer Relationship Management System)  اور تین درجوں میں معاونت کے نظام کی تنصیب کی بدولت ایف بی آر ہیلپ لائن اب ٹیکس دہندگان کے مسائل کو  بلا تاخیر حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ہر درج کرائی جانے والی شکایت پر ٹیکس دہندگان کو ایک کیس نمبر فراہم کیا جاتا ہے اور اُن کی شکایت سے متعلق سپورٹ ٹیم تک پہنچنے میں اُن کی رہنمائی کی جاتی ہے۔مزید برآں ہیلپ لائن کے نمائندے ٹیکس دہندگان کو ہر ممکن  تعاون مہیا کررہے ہیں تاکہ وہ انکم ٹیکس پورٹل (IRIS) کو آسانی سے خود استعمال کر سکیں۔
ایف بی آر ہیلپ لائن پر فون نمبر (051-111-772-772)     اور ای میل  پر (helpline@fbr.gov.pk )   کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔ خواتین کے لئے خصوصی ٹیلی فون نمبر 051-9107025     ( صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک)  پر رابطہ کیا جا سکتا  ہے۔
 

آگاہی مہم اور ٹیکس دہندگان کی تعلیم

ملک بھر میں ٹیکس دہندگان کی تعلیم اور آگاہی کے لئے مختلف پروگرام  باقاعدگی سے منعقد کئے جاتے ہیں۔آگاہی مہمات کے دوران ورکشاپس، سیمینار  کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ممبر ٹیکس پیئرز سروز اور چیف ٹیکس پیئرز سروسز خود بھی ملک کے معروف اداروں اور تنظیموں کا دورہ کرتے ہیں۔ان کوششوں کا مقصد ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی واضح کرنا ہے کہ ایف بی آر کے انکم ٹیکس پورٹل (IRIS) پر انکم ٹیکس گوشوارہ کس طرح سے بھرا اور جمع کرایا جا سکتا ہے۔
ٹیکس دہندگان کے لئےخدمات کا   شعبہ  ٹیکس گوشوارے  جمع کرانے کے بارے میں تمام ضروری تربیت فراہم کرنے کے لئے درکار  انتظامات کرتا ہے۔پاکستان بھر میں مختلف تنظیموں ، ایوان ہائے صنعت و تجارت  اور یونیورسٹیوں میں باقاعدگی سے ورکشاپس، سیمینارز اور لیکچرز کا اہتمام کیا جاتا ہے جن میں ٹیکس ادا کرنے کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس گوشوارے پر کرنے اور جمع کرانے  کا طریقہ بھی بتایا جاتا ہے۔
مزید برآں ٹیکس دہندگان کے لئےخدمات  کا   شعبہ مختلف وزارتوں تک رسائی حاصل کرکے  اُن کی معاونت سے اس بات کو یقینی بنا تا ہے کہ اُن کے تمام ملازمین اپنے ٹیکس گوشوارے بروقت  جمع کرا رہے ہیں ۔
 

میڈیا سیکشن

ٹیکس دہندگان کے لئےخدمات  کے  شعبہ کا میڈیا سیکشن مختلف اُمور پر عوام اور  متنوع اسٹیک ہولڈرز کو ایف بی آر کی پالیسیوں اورمختلف معاملات پر اُٹھائے جانے والے  اقدامات  کے بارے میں آگاہ کرتا ہے۔یہ ٹیکس گوشوارے جمع  کرانے کی مقررہ تاریخوں اور  ٹیکس ادا کرنے کے حوالے سے شہریوں کی ذمہ داری کے بارے میں   مختلف  میڈیا  پلیٹ فارمز پر  مہمات  چلاتا ہے۔

ویب سائٹ

ایف بی آر کی ویب سائٹ ایک بنیادی پلیٹ فارم ہے جسے  ایف بی آر کے مختلف شعبے ٹیکس سے متعلق معاملات پر اطلاعات اور تازہ ترین احکامات جاری کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔تمام قابل اطلاق ٹیکس قوانین اور قواعد و ضوابط کی تازہ ترین صورت حال ویب سائٹ پر دستیاب ہوتی ہیں ۔ویب سائٹ  فعال ٹیکس دہندگان (ATL)کی تازہ ترین فہرست تک رسائی کا کلیدی ذریعہ ہےجو ہر پیر کے روز اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔  ٹیکس دہندگان کے لئےخدمات کا شعبہ  ویب سائٹ کے جملہ  مواد کو اپ لوڈ  کرنے اور اس کو برقرار رکھنے کا ذمہ دار ہے۔

ای میل

سرکاری خط و کتابت کے لئے استعمال ہونے والی ایف بی آر کی سرکاری ای میل کا انتظام بھی ٹیکس دہندگان کے لئےخدمات کے  شعبہ کے پا س ہے۔یہ شعبہ پورے ملک میں تعینات  ایف بی آر کے تمام افسران کے ای میل اکاونٹس بنانے، حذف کرنے اور ان کی دیکھ بھال کا ذمہ دار ہے۔ ٹیکس دہندگان کے لئےخدمات کے  شعبہ نے سراکری ای میل اکاونٹس بنانے اور ان کی دیکھ بھال کرنے کے لئے معیاری آپریٹنگ طریقہ  ہائے کار(Standard Operating Procedures )  متعارف کرائے ہیں۔

قانونی  دستاویزات  اور معلوماتی کتابچوں کو اپ ڈیٹ کرنا

 ٹیکس دہندگان کے لئےخدمات کا شعبہ   اس بات کو یقینی بنانے کا ذمہ  دار ہے کہ مختلف قانونی دستاویزات( آرڈیننس، ایکٹ اور قواعد)کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے تازہ ترین معلومات پر مبنی کتابچے موجود ہیں اور ٹیکس دہندگان اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کی معاونت کے لئے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔