Placeholder image

ٹیکس دہندگان کی خدمات (ٹیکس پیئر سروسز)

ٹیکس دہندگان کی خدمات (ٹیکس پیئر سروسز)

ٹیکس دہندگان کی خدمات ونگ ایف بی آر کے معاون شعبوں میں سے ایک ہے جو ٹیکس دہندگان کو ان کی ٹیکس ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں بہترمعاونت کے لئے قائم کیا گیا ہے۔

ٹیکس دہندگان کی خدمات کا شعبہ ملکی ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے لئے کی گئی کوششوں میں سب سے آگے ہے۔اس شعبے کی کاوشیں درج ذیل سرگرمیوں سے ظاہر ہوتی ہیں۔

ٹیکس دہندگان کی خدمات ونگ نے ایسے اقدامات کئے ہیں جن کی وجہ سے نہ صرف ٹیکس صارفین کے لئے آگہی کےفروغ کے ذریعے ٹیکس فائلنگ کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے بلکہ ایک فورم (ایف بی آر ہیلپ لائن) بھی فراہم کیا گیا ہے جس کے سبب وہ نہ صرف درپیش مسائل سے متعلق پوچھ سکتے ہیں بلکہ ٹیلیفون کال ، ای میل اور ویب سائٹ سے مدد لیتے ہوئے اپنے مسائل حل بھی کرسکتے ہیں۔

عالمی معیار کےکسٹمر ریلیشن شپ منیجمنٹ (سی آر ایم) سسٹم اور تین مختلف درجوں میں معاونت کےنظام کی تنصیب کی بدولت ایف بی آر ہیلپ لائن اب ٹیکس صارفین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ٹیکس دہندگان کو درج کی گئی ہر شکایت کے لیے ایک کیس نمبر فراہم کیا جاتا ہے اور انہیں ان کی شکایت سے متعلقہ سپورٹ ٹیم تک رہنمائی کی جاتی ہے۔ مزید برآں، ہیلپ لائن کے نمائندے ٹیکس دہندگان کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ انکم ٹیکس پورٹ(آئیرس) کو خود آسانی سے آپریٹ کرسکیں۔

کے ذریعے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ (helpline@fbr.gov.pk) ایف بی آر ہیلپ لائن پر فون (051-111-772-772) اور ای میل

آگاہی مہم اور ٹیکس دہندگان کی تعلیم

ٹیکس دہندگان کی تعلیم اور آگاہی کے پروگرام پورے ملک میں باقاعدگی سے منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس مہم کے دوران ورکشاپس، سیمینارز منعقد کئے جاتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ممبر پی آر اور چیف آف پی آر خود بھی ملک کے نمایاں اداروں اورتنظیموں کا دورہ کرتے ہیں۔

ان تمام اقدامات کا مقصد ٹیکس فائلنگ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ صارفین کو اس امر کی آگاہی بھی فراہم کرنا ہے کہ ایف بی آر کے انکم ٹیکس پورٹل (آئرس) پر انکم ٹیکس گوشوارے کس طرح فائل کئے جاتے ہیں ۔

ٹیکس دہندگان کی خدمات ونگ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے بارے میں تمام ضروری تربیت فراہم کرنے کے لیے ضروری انتظامات کرتا ہے۔ پاکستان بھر میں مختلف تنظیموں، چیمبر آف کامرس اور یونیورسٹیوں میں باقاعدگی سے ورکشاپس، سیمینارز اور لیکچرز کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں ٹیکس کی ادائیگی کی اہمیت اور ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے طریقے کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

مزید برآں،ٹیکس دہندگان کی خدمات ونگ مختلف وزارتوں تک بھی پہنچ کر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ان سے معاونت چاہتا ہے کہ ان کے تمام ملازمین اپنے متعلقہ ٹیکس گوشوارے جمع کر رہے ہیں۔

میڈیا سیل

ٹیکس دہندگان کی خدمات ونگ کے زیر انتظام ایف بی آر کا میڈیا سیل عوام اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کو ایف بی آر کی پالیسی اور مختلف معاملات پر اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتا ہے۔ یہ ٹیکس جمع کرانے کی مقررہ تاریخوں اور مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے شہریوں کی ذمہ داری کے بارے میں بروقت میڈیا مہم چلاتا ہے۔

ویب سائٹ

ایف بی آر کی ویب سائٹ بنیادی پلیٹ فارم ہے جسے ایف بی آر کے مختلف ونگز ٹیکس کے مختلف معاملات پر متعلقہ اطلاعات اور اپ ڈیٹس جاری کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ویب سائٹ پر تمام قابل اطلاق ٹیکس قوانین اور ضوابط کی تازہ ترین اپ ڈیٹس بھی شامل ہیں۔ ویب سائٹ تازہ ترین ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل ) تک رسائی کا بنیادی ذریعہ ہے جو ہر پیر کو اپ ڈیٹ ہوتا ہے۔ ٹیکس دہندگان کی خدمات ونگ ویب سائٹ کے تمام مواد کو اپ لوڈ کرنے اور اسے برقرار رکھنے کا ذمہ دار ہے۔

ای میل

سرکاری خط و کتابت کے لیے استعمال ہونے والی ایف بی آر کی آفیشل ای میل کا انتظام ٹیکس دہندگان کی خدمات ونگ کے کنٹرول میں ہے۔ ٹیکس دہندگان کی خدمات ونگ پورے پاکستان میں ایف بی آر کے تمام افسران کے ای میل اکاؤنٹس بنانے، حذف کرنے اوران کے انتظام کا ذمہ دار ہے۔ ٹیکس دہندگان کی خدمات ونگ نے آفیشل ای میل اکاؤنٹس بنانے اور ان کا انتظام کرنے کے لیے معیاری آپریٹنگ پروسیجرز(ایس او پی ز) متعارف کروائے ہیں۔

قانونی وسائل اور بروشرز کو اپ ڈیٹ کرنا

ٹیکس دہندگان کی خدمات ونگ اس بات کو یقینی بنانے کا ذمہ دار ہے کہ مختلف قانونی وسائل (آرڈیننس، ایکٹ اور رولز) کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے تازہ ترین معلوماتی بروشرز بھی موجود ہیں اور ٹیکس دہندگان اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کی معاونت کے لیے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

شکایت کا ازالہ اور عوامی ریکارڈ تک رسائی

ٹیکس دہندگان کی خدمات ونگ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی شکایات جیسے بدانتظامی، بدعنوانی اور بد سلوکی کے معاملات کو منصفانہ طریقے سے بروقت حل کیا جائے۔ مزید برآں یہ شعبہ ،رقم کی واپسی میں تاخیر، آڈٹ نکالنے کے انتخاب، سیلز ٹیکس کے لیے وقت کی حد کو معاف کرنے، کسٹم ایجنٹ کے لائسنس کی بحالی اور مختلف وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کی سفارشات پر عملدرآمد سے متعلق معاملات کو نمٹانے میں بھی سہولت فراہم کرتا ہے۔ٹیکس دہندگان کی خدمات کا شعبہ ، معلومات تک رسائی کے حق کے ایکٹ 2007( جو اس سے پہلے فریڈم آف انفارمیشن آرڈیننس 2002 تھا کے تحت) ٹیکس سے متعلق ریکارڈ تک عوامی رسائی کو یقینی بنانے کا پابند ہے تاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہو اور ٹیکس انتظامیہ کو ٹیکس صارفین کے سامنے جوابدہ بنایا جائے۔