Placeholder image

کسٹم ہاؤس پشاور میں انٹرنیشنل کسٹمز ڈے کی تقریب

پریس ریلیز حکومت پاکستان کلکٹوریٹ آف کسٹمز، کسٹم ہاؤس، پشاور
کسٹم ہاؤس پشاور میں انٹرنیشنل کسٹمز ڈے کی تقریب
کلکٹوریٹ آف کسٹمز، کسٹم ہاؤس پشاور میں انٹرنیشنل کسٹمز ڈے کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ممبر ٹیکس پیئر سروسز سعید اکرم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید اکرم نے کہا کہ انٹرنیشنل کسٹمز ڈے ہر سال ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن (WCO) کے تحت منایا جاتا ہے۔ ہر سال اس دن کے لیے ایک تھیم دیا جاتا ہے جس پر عملدرآمد کے لیے عالمی کسٹمز بھرپور محنت کرتے ہیں۔ اس سال کا تھیم "Customs delivering on its commitment to efficiency, security, and prosperity" ہے، جو پاکستان کے موجودہ حالات میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز کا بنیادی مقصد تجارت کو آسان بنانا، قومی سلامتی کو یقینی بنانا اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔ پاکستان کسٹمز قومی معیشت میں ریونیو کلیکشن کے ذریعے کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی مجموعی ریونیو کلیکشن میں تقریباً 45 فیصد حصہ کسٹمز کا ہے۔ یہ پاکستان کی ترقی، سلامتی، اور استعداد میں اضافے کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سعید اکرم نے بتایا کہ پاکستان کسٹمز نے خطے میں سب سے پہلے اپنے نظام کو خودکار (automated) کرنے کا آغاز کیا اور ملک میں پہلا ایسا کلیکٹریٹ قائم کیا جہاں تمام عمل مکمل طور پر خودکار تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اُس وقت اٹومیشن متعارف کروائی، جب کئی ترقی یافتہ ممالک بھی اس درجے کی خودکار نظام سے محروم تھے۔ ہم نے اس سفر کو آگے بڑھایا اور ایک انڈیجنس اٹومیشن پروگرام متعارف کروایا جس سے تجارت کو مزید آسان اور مؤثر بنایا گیا۔
انہوں نے سنگل ونڈو سسٹم (Single Window System) کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نظام کسٹمز کلیئرنس سے متعلق تمام محکموں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے۔ اس نظام کے ذریعے مختلف محکموں کے چکر لگانے کے بجائے، تاجروں کو تمام ضروری این او سی اور دستاویزات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہو جاتی ہیں۔
سعید اکرم نے کہا کہ پاکستان کسٹمز اٹومیشن کے شعبے میں نہ صرف رہنما بلکہ عالمی لیڈر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال ایف بی آر نے 9.3 ٹریلین روپے کا ریونیو جمع کیا اور اس سال کا ہدف گزشتہ سال سے 40 فیصد زیادہ مقرر کیا گیا ہے۔ الحمدللہ، تمام محکمے اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹل تبدیلی (Transformation) میں پاکستان کسٹمز بنیادی کردار ادا کر رہا ہے تاکہ تمام تاجروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ دسمبر 2024 میں ہم نے اپنا طے شدہ ہدف کامیابی سے حاصل کیا اور انشاءاللہ آنے والے وقت میں بھی تمام اہداف مکمل کریں گے۔
آخر میں سعید اکرم نے کہا کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے تاکہ ایک دن ہمارا ملک دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہو، اور پاکستان کی عزت و وقار پوری دنیا میں بلند ہو۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے کسٹمز شہدا کے ورثا میں شیلڈ تقسیم کیے جبکہ کسٹمز اہلکاروں کو پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا۔