Placeholder image

وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے سیالکوٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات

ایف بی آر
ٌٌٌ*
پریس ریلیز
*
 وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے سیالکوٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات
 
 وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے بدھ کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خصوصی درخواست پر اس ملاقات میں شرکت کی،
 
وفد میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرملک عبدالغفور،  سیالکوٹ انٹرنیشنل ائر پورٹ کے چیئرمین خواجہ مسعود اورچیمبر اور تجارتی تنظیموں کے دیگر سینئر اراکین شامل تھے۔
 
 ملاقات میں وزیر خزانہ کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ،  وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا،  ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن کے چیئرمین اشفاق تولہ،  چیئرمین ایف بی آر عاصم احمداور وزارت خزانہ اور ریونیو ڈویژن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
 
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی اقتصادی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔وزیر دفاع نے سیالکوٹ کی تاجر برادری کی خدمات کو سراہا اور اُن کی طرف سے اپنی مدد آپ کے تحت قائم کئے جانے والے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ اور سمبڑیال ڈرائی پورٹ جیسے منصوبوں کا ذکر کیا۔
 
وزیر خزانہ نے سیالکوٹ شہر کی فعال تاجر برادری کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
 
وفد نے سیالکوٹ، گجرات اور گوجرانوالہ پر مشتمل صنعتی تکون پر روشنی ڈالی جو بیرون ملک برآمد کرنے اور مقامی منڈیوں کے لئے کئی مصنوعات تیار کررہی ہے۔وفد نے بتایا کہ ملک کے لئے زرمبادلہ کمانے میں سیالکوٹ بہت اہم کردار اداکررہا ہے۔وفد کے شرکاء نے آئندہ وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اوروزیرخزانہ کو یقین دلایا کہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
 
وزیر خزانہ نے تجاویز کا خیر مقدم کیا اور شرکاء کو یقین دلایا کہ برآمدات میں اضافہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس سلسلے میں تاجر برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
 
*