Placeholder image

امان میلہ چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ، ایف بی آر کا شدید مذمت کا اظہار

ایف بی آر
٭٭٭٭٭
پریس ریلیز
٭٭٭٭٭
 
امان میلہ چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ، ایف بی آر کا شدید مذمت کا اظہار
 
پاکستان کسٹمز کے دو اہلکار شہید، چار زخمی؛ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں
٭٭٭٭٭٭
 
اسلام آباد، 26 ستمبر 2026: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے امان میلہ میں قائم مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کسٹمز، خیبر پختونخوا پولیس اور محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے شہید اور زخمی اہلکاروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
 
ایف بی آر کے مطابق حملے میں پاکستان کسٹمز کے حوالدار فرمان اللہ اور سپاہی اسامہ نے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا، جبکہ انسپکٹر کاشف، سپاہی آفاق عادل، سپاہی محبوب اور سپاہی افان زخمی ہوئے، جنہیں بہترین دستیاب طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
 
حملہ آوروں نے زخمی اہلکاروں کو منتقل کرنے والی ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا۔ زخمیوں اور انہیں طبی امداد کے لیے لے جانے والوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور اخلاقی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔
 
ایف بی آر نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ممبر کسٹمز نے چیف کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) اور کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) پشاور کو ہدایت کی ہے کہ شہداء کے خاندانوں کو تمام ممکنہ معاونت کی فوری اور بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔
 
ایف بی آر نے خیبر پختونخوا پولیس اور محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے شہید اہلکاروں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ایف بی آر نے کہا کہ مشترکہ چیک پوسٹ پر تعینات اہلکار فرائض کی ادائیگی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ تھے اور دہشت گرد حملے میں مختلف اداروں کے اہلکاروں نے مل کر جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
 
ایف بی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کسٹمز کے اہلکار ملک کے مختلف حساس اور دشوار گزار علاقوں میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سرحدی گزرگاہوں، ساحلی علاقوں اور خیبر پختونخوا کے حساس اضلاع میں کسٹمز اہلکار منشیات، اسلحہ، اسمگل شدہ اشیا اور غیر قانونی مالی سرگرمیوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
 
ایف بی آر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ حملے کسٹمز اہلکاروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ چیک پوسٹوں پر معمول کے مطابق فرائض انجام دیے جاتے رہیں گے اور اہلکار ریاستی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔
 
ایف بی آر نے شہید اہلکاروں کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی ادارے کے لیے عزم اور فرض شناسی کی علامت ہے۔ اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر و استقامت اور زخمی اہلکاروں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔