ایف بی آر
٭٭٭٭٭
پریس ریلیز
٭٭٭٭٭
آسان تاجر ریٹرن فائلنگ کے حوالے سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں آگاہی سیمینار
اسلام آباد، 7 ستمبر 2026ء:
ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) اسلام آباد اور ایف بی آر ڈومین ٹیم کے زیر اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں چھوٹے تاجروں کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے طریقہ کار کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں 100 سے زائد چھوٹے تاجروں نے شرکت کی۔
سیمینار کے دوران چیف کمشنر اور کمشنرز، آر ٹی او اسلام آباد اور ایف بی آر ڈومین ٹیم کے افسران نے چھوٹے کاروبار کے حامل افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آسان تاجر ریٹرن فائل کرنے کے طریقہ کار کی مرحلہ وار تفصیلی وضاحت کی۔ شرکاء کو ٹیکس قوانین پر عملدرآمد اور آسان تاجر ریٹرن کے ذریعے ٹیکس تعمیل کے عملی اور قانونی فوائد سے بھی آگاہ کیا گیا۔
سیمینار کے دوسرے مرحلے میں ایک تفصیلی اور انٹرایکٹو سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا، جس میں تاجروں کی جانب سے ریٹرن فائلنگ سے متعلق مختلف تکنیکی سوالات اور مسائل پیش کیے گئے۔ آر ٹی او اسلام آباد اور ڈومین ٹیم کے افسران نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہیں ریٹرن فائل کرنے کے مراحل کے بارے میں عملی رہنمائی اور موقع پر معاونت فراہم کی۔
سیمینار کے اختتام پر صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے اختتامی کلمات میں آر ٹی او اسلام آباد کی قیادت اور ایف بی آر ڈومین ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چھوٹے تاجروں تک براہِ راست رسائی حاصل کرنے، چیمبر کا دورہ کرنے اور کاروباری برادری کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے عمل میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایف بی آر کی کاوشوں کو سراہا۔
٭٭٭٭٭