Placeholder image

آرٹی او راولپنڈی کے آئی آر ای این سکواڈ کا کامیاب آپریشن-بھاری مقدار میں غیر قانونی سگریٹ ضبط

ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی کے ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک سکواڈ نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دو ٹرکوں پر لدے ہوئے غیر قانونی اور جعلی سگریٹ کے کارٹنز قبضہ میں لے لئے۔ ان ٹرکوں پر کلاسک برانڈ کے 300 جعلی سگریٹ کارٹنز اور کسان برانڈ کے 300 جعلی سگریٹ کارٹنز لوڈ تھے۔ کل 60 لاکھ سگریٹ قبضے میں لئے گئے۔ضبط شدہ سگریٹ کی مارکیٹ قیمت ا کروڑ 89 لاکھ روپے ہے۔ا کروڑ 26 لاکھ 46 ہزار پانچ سو روپے کی ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی چوری کی جار ہی تھی۔ ضبط شدہ سگریٹ کے کچھ برانڈز کی پیداوار آزاد جموں کشمیر میں کی گئی ہے جس کو بعد میں راولپنڈی کی مقامی مارکیٹ میں لایا جا رہا تھا۔

ممبر آئی آر آپریشنز ڈاکٹر اشفاق احمد نے راولپنڈی آر ٹی او کا دورہ کیا اور سینئر افسران اور آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیم سے ملاقات کی۔ انہوں نے چیف کمشنر ڈاکٹر خالد محمود لودھی اور ان کی ٹیم کی غیر قانونی اور جعلی سگریٹ کے خلاف کریک ڈاون کی تعریف کی۔ انہوں نے آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیم کے لئے انعام کا اعلان کیا۔

ممبر آئی آر آپریشنز نے مزید کہا کہ یکم جولائی 2021 سے ملک بھر میں تمباکو کی پیداوار کی نگرانی کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس نظام متعارف کر دیا جائے گا اور اس سلسلے میں آزاد کشمیر کی حکومت نے ایف بی آر سے درخواست کی ہے کہ ٹریک اینڈ ٹریس کا دائیرہ کار آزاد کشمیر تک بڑھایا جائے۔ ممبر آئی آر آپریشنز نے کہا کہ ایف بی آر نئے قوانین مرتب کر رہا ہے جس کے تحت سگریٹ برانڈ ز جو کہ ایف بی آر سے رجسٹرڈ ہوں گے، کو صرف مارکیٹ میں فروخت کی اجازت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریس نظام پر عمل درآمد اور آئی آر ای این کی موثر کاروائیوں کی وجہ سے جعلی اور غیر قانونی سگریٹ کا قلع قمع ممکن ہو سکے گا۔