Placeholder image

چیئرمین ایف بی آر کی گوجرانوالہ چیمبر آف كامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات؛ کاروباری برادری کے جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی

ایف بی آر
***
 
پریس ریلیز
***
چیئرمین ایف بی آر کی گوجرانوالہ چیمبر آف كامرس اینڈ انڈسٹری  کے وفد سے ملاقات؛ کاروباری برادری کے جائز مسائل   کے حل کی یقین دہانی
***
اسلام آباد، 10 مارچ 2026
گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے  فیڈرل بورڈ آف ریونیو  كے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال سے ملاقات کی اور گوجرانوالہ کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد كی قیادت  جی سی سی آئی كے صدرمحمد علی ہمایون بٹ كررہے تھے ۔ اس موقع پر   ایف بی آر كے سینیر افسران  ممبر (آئی آر۔آپریشنز)، ممبر (آئی آر۔پالیسی)، ممبر (کسٹمز۔پالیسی) اور چیف (ایف اینڈ سی) بھی موجو د تھے۔
 
ملاقات کے دوران جی سی سی آئی کے وفد نے چیئرمین ایف بی آر کو پالیسی اور آپریشنل سطح پر کاروباری برادری کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے بالخصوص ٹیکس ریفنڈز، سپر ٹیکس کی اقساط اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرنے والے دیگر آپریشنل چیلنجز سے متعلق امور کو اجاگر کیا۔
 
اٹھائے گئے نکات کے جواب میں چیئرمین ایف بی آر نے وفد کو بتایا کہ ٹیکس پالیسی کی تشکیل اب وزارتِ خزانہ کو منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ ایف بی آر کا دائرہ کار بنیادی طور پر ٹیکس پالیسی  كے اطلاق  اور آپریشنل امور تک محدود ہے۔
 
چیئرمین نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے خدشات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے ایف بی آر کے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ اٹھائے گئے مسائل کا جائزہ لے کر مناسب حل تجویز  كیا  جائے تاکہ کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کو جلد از جلد دور کیا جا سکے۔
 
چیئرمین ایف بی آر نے جی سی سی آئی کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ قانونی تقاضوں اور ضروری کارروائی مکمل ہونے پر  ٹیکس ریفنڈز جاری کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے  زور دے كركہا  کہ ٹیکس پالیسیوں کے نفاذ کے دوران کاروباری برادری کو درپیش حقیقی مشکلات کو بھی مدِنظر رکھا  جایے گا  تاہم یہ بھی واضح کیا کہ جو ٹیکس قانونی طور پر واجب الادا ہیں    اُن كی وصولی كو یقینی بنایا جاءے گا ۔
 
چیئرمین ایف بی آر نے وفد کو اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی کہ ایف بی آر کا کوئی بھی اہلكار ٹیکس دہندگان کے لیے بلاجواز مشکلات پیدا کرنے یا کسی قسم کی رعایت طلب کرنے کا مجاز نہیں  ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری سے کہا  اگر ایف بی آر کے نظام میں کسی بدعنوان عنصر کی نشاندہی  ٹھوس شواہد کے ساتھ  کی  جائے  تو  بدعنوانی میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 
وفد میں گوجرنوالہ چمبر کے سینئر نائب صدر جی  سعد جمیل اصفہانی ،  نایب صدر  فیصل ستار مغل ، سیکریٹری جنرل اسفند یار ، مسٹر مہر اکرام ور مسٹر شا ویز  بن احمد بھی شامل تھے۔
***