ایف بی آر
***
پریس ریلیز
***
ایف بی آر نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلیجنس اینڈ انوسٹی گیشن کسٹمز سے متعلق ذرائع ابلاغ کے کچھ حلقوں کے گمراہ کن دعووں کو یکسر مسترد کردیا۔
***
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ذرائع ابلاغ کے کچھ حلقوں کی طرف سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن (کسٹمز)کے کردار اور کارکردگی کو غلط انداز میں پیش کرنے کے حالیہ گمراہ کن دعووں کو یکسر مسترد کردیا۔ بے بنیاد دعووں کے برعکس ڈائریکٹوریٹ کا مینڈیٹ اور فرائض بدستور موجود ہیں جبکہ مخصوص تبدیلیاں وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی منظوری سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کی گئی ہیں۔
اس تنظیم نو کا مقصد کسٹمز کے اندر انفورسمنٹ کے دوہرے کردار کو ختم کرنا ہے اور ڈائریکٹوریٹ کے بنیادی فرائض کو متاثر کئے بغیر انسداد سمگلنگ اور انفورسمنٹ کو ایک مربوط ڈھانچے کے تحت استوار کرنا ہے۔ نئے ڈھانچے کے تحت صرف غیر ضروری قرار دیئے گئے مخصوص علاقائی دفاتر بند کئے جائیں گے جبکہ عملہ کو انفورسمنٹ کے سیٹ اپس میں منتقل کیا جائے گا تاکہ انسداد سمگلنگ کی کوششوں کو تقویت دی جا سکے۔ اسمگل شدہ سامان ضبط کرنے اور چوری کئے ہوئے محصولات کی وصولی میں ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن(کسٹمز) نے پورے ملک کے لئے انتہائی کم وسائل اور محض293 افراد پر مشتمل آپریشنل عملہ کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل ایک مشترکہ انسداد سمگلنگ حکمت عملی اپناتے ہوئے انفورسمنٹ کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن(کسٹمز)اپنے کلیدی کردار کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور اب اس کردار کو مزید تقویت دینے کے لئے اس کو اضافی تکنیکی وسائل مہیا کئے جارہے ہیں تاکہ کسٹمز ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی پر سٹنگ آپریشن کرنے کی صلاحیت کو بڑھایا جا سکے۔ پاکستان کسٹمز میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن(کسٹمز)کو اپنی مرکزی حیثیت کی بنا پر اب اہم ڈیٹا تک بھرپور رسائی حاصل ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر انفارمیشن کی بنیاد پر کاروائیاں کی جا سکیں۔
انسداد سمگلنگ کے دائرہ کار کی وسعت اور عملہ کی کمی کے پیش نظر اس ٹرانسفارمیشن کے ذریعے ایک مشترکہ انسداد سمگلنگ حکمت عملی نافذ کی گئی ہے۔ ایف بی آر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن (کسٹمز) کے سمگلنگ کے خلاف جنگ اور ملک کی اقتصادی سرحدوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔