چیئرمین ایف بی آر کا کراچی چمبر آف کامرس کا دورہ: کاروباری برادری کے حقیقی مسائل کے حل کی یقین دہانی اور ٹیکس و تجارت کے معاملات میں سہولت کی پیشکش
کراچی، 26 مارچ 2026
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے کراچی کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ۔ ممبر کسٹمز آپریشنز، چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ (ساؤتھ) اور چیف کمشنر ایل ٹی او (کراچی) بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔
اجلاس میں کے سی سی آئی کے سینئر نمائندگان نے چیئرمین ایف بی آر کو ایک جامع بریفنگ دی جس میں کراچی کی کاروباری برادری کو درپیش پالیسی اور آپریشنل دونوں طرح کے مسائل کی نشاندہی کی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی، سپر ٹیکس کی اقساط سے متعلق مسائل، اور دیگر رکاوٹوں کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
اس حوالے سے چیئرمین ایف بی آر نے چیف کمشنر لارج ٹیکس پیئرز آفس (ایل ٹی او) اور چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ (ساؤتھ) کو ہدایت دی کہ ان مسائل کے حل کو ترجیح دیتے ہوئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ یہ ہدایت چیئرمین ایف بی آر کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ کاروباری برادری کے جائز مسائل کو حل کیا جائے اور مقامی کاروباروں کے لیے کاروبار کو مزید سہل بنایا جائے۔
بنیادی طور ایف بی آر ٹیکس نظام کے نفاذ اور اس کے انتظامی امور کی نگرانی کرتا ہے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین ایف بی آر نے کے سی سی آئی کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ تمام اٹھائے گئے مسائل کا بغور جائزہ لیا جائے گا اور انہیں حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کراچی میں ان لینڈ ریونیو سروس اور کسٹمز کے افسران کو ہدایت
دی کہ وہ مسائل کا جامع جائزہ لے کر مقامی کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے بروقت اور مؤثر اقدامات کریں ۔
چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ تمام جائز ٹیکس ریفنڈ کلیمز کو قانونی تقاضوں اور قواعد و ضوابط کی تکمیل کے تحت مؤثر انداز میں نمٹایا جائے گا، جس سے کاروباروں کی لیکویڈیٹی(Liquidity) میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے اور ان کے جائز مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے تاہم تمام واجب الادا ٹیکسز متعلقہ قوانین کے مطابق سختی سے وصول کیے جائیں گے۔
بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو دہراتے ہوئے چیئرمین نے شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
مزید برآں چیئرمین نے واضح کیا کہ ایف بی آر کے افسران کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں پیدا نہ کریں اور نہ ہی کسی قسم کے ناجائز فوائد حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ اس اقدام کا مقصد ایک منصفانہ، شفاف اور کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا ہے۔
چیئرمین نے کاروباری برادری کے اراکین پر زور دیا کہ وہ ایف بی آر نظام میں کسی بھی بدعنوانی کے واقعات کی اطلاع مستند شواہد کے ساتھ دیں تاکہ مؤثر کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی بدعنوانی میں ملوث افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔