ایف بی آر
٭٭٭٭٭
پریس ریلیز
٭٭٭٭
چیئرمین ایف بی آر کی ٹیکس بار کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی، ٹیکس دہندگان کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی قائم
٭٭٭٭٭
اسلام آباد، 27 فروری 2026:
چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال نے جمعہ کے روز ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن، لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن، کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی۔
ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے اراکین نے چیئرمین ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کو درپیش چیلنجز، خصوصاً سپر ٹیکس اور 2024 (I)/SRO 350مؤرخہ 07-03-2024 کے حوالے سے درپیش مسائل سےآگاہ کیا ۔
چیئرمین ایف بی آر نے شرکاء کو یقین دلایا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے اور تمام حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنانے کے لیے ایک کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا جو ٹیکس بار کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کا جائزہ لے کر ان کے جلد از جلد ازالے کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرے گی۔
ممبر (آئی آر آپریشنز)، ممبر (آئی آر پالیسی) اور ممبر (آئی آر لیگل) نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور تفصیلی صلاح مشوروں میں حصہ لیا۔
چیئرمین نے ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے مثبت اور مشاورتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ٹیکس نظام کے بارے میں ان کی گہری سمجھ بوجھ پالیسی میں بہتری، نظام کی اصلاح اور رضاکارانہ کمپلائنس کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔
اجلاس میں ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے سرکردہ نمائندوں نے شرکت کی جن میں سرپرست پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن رانا منیر حسین، صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن شیخ احسن الحق ، صدر لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن محمد آصف رانا، سابق صدر لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن چوہدری قمر الزمان، سینئر نائب صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن شیخ محمد یاسین، جنرل سیکریٹری پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن طاہر محمود بٹ، جنرل سیکریٹری لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن میاں اسد حنیف سینئر نائب صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن فراز فضل شیخ اور صدر کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن محمد محمود بکیہ شامل تھے۔