Placeholder image

ایف بی آر نے جنوری 2023 کے بجٹ اہداف کو کامیابی سے حاصل کر لیا

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جنوری 2023 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوۓ نہ صرف 533 بلین روپے کا ماہانہ ہدف حاصل کر لیا بلکہ ہدف سے 4 ارب روپے زیادہ اکٹھے کیۓ ہیں۔ عبوری اعداد و شمار کے مطابق ایف بی آر نے جنوری 2023 میں 537 ارب روپے اکٹھے کیۓ ہیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہے۔ 
 
مجموعی طور پر ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں 3,965 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا ہے جو کہ پچھلے سال کی نسبت 18 فیصد زیادہ ہے۔ جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 3,367 بلین روپے اکٹھے کیے تھے۔ رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کا آغاز شاندار کارکردگی کے ساتھ ہوا اور اقتصادی چیلنجز کے باوجود ٹیم ایف بی آر 7470 ارب کا سالانہ ریونیو ہدف کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ 
 
رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں براہ راست ٹیکسوں کی وصولی میں 48 فیصد اضافہ ہوا ہے جو حکومت کا ٹیکس کا بوجھ معاشرے کے امیر طبقات پر منتقل کرنے کی پالیسی کی عکاس ہے۔مزید براں ایف بی آر کے انتظامی اقدامات کی بدولت بھی براہ راست اور ڈومیسٹک ٹیکسسز میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی عرصے کے دوران ڈومیسٹک ٹیکسسز میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ بات قابل قدر ہے کہ جنوری 2023 کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کی وصولی میں پچھلے سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 16 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں ایف بی آر نے برآمد کنندگان کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران 208 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیۓ جو کہ پچھلے سال کی نسبت 14 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 183 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیۓ گئے تھے۔
 
ایف بی آر ان تمام ٹیکس دہندگان کو سراہتا ہے جنھوں نے ہدف کے حصول میں اپنا حصہ ڈالہ۔ ایف بی آر فیلڈ فارمیشنز اور افسران کی انتھک کوششوں کو بھی سراہتا ہے جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود ریونیو اکٹھا کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ محصولات کی وصولی میں اضافہ بالخصوص براہ راست ٹیکسسز میں اضافہ حکومت اور ایف بی آر کی پاکستان کو ایک خوشحال قوم بنانے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔