Placeholder image

ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کسٹمز پشاور کے پانچ اہلکار دوران ڈیوٹی شہید

ایف بی آر
***
 پریس ریلیز
***
ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کسٹمز پشاور کے پانچ اہلکار دوران ڈیوٹی شہید
***
 ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کسٹمز پشاور کے پانچ اہلکار جمعرات کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں سگو گاؤں کے قریب درابن روڈ پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔ آپریشن کے دوران اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے گھات لگا کر حملہ کیا اور خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انٹیلی جنس آفیسر اسلم خان، حوالدار عنایت اللہ خان، حوالدار اکبر زمان، سپاہی افتخار عالم اور سپاہی شہاب علی اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے شہید ہوگئے۔
 
تمام تر مشکلات کے باوجود وہ اپنے فرائض پورے کرنے اور قوم کی خدمت کے لئے سرگرم رہے۔خطرات کے باوجود اُن کی یہ قربانی بہادری اور دلیری کی ایک شاندار مثال ہے۔
 
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن نے شہید ہونے والے اہلکاروں کی اپنی مادر وطن اور محکمہ کے لئے دی گئی بے لوث خدمات اور شجاعت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
 
چیئرمین ایف بی آر، ممبر کسٹمز(آپریشنز) ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کسٹمز اور پاکستان کسٹمز کے تمام افسران نے شہدا کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ 
 
ایف بی آر اور پاکستان کسٹمز ملک کی خدمت اور قوم کی فلاح و بہبود کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ 
 
***