Placeholder image

ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل انوائسنگ پرائز انعامی اسکیم کی آٹھویں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا کامیاب انعقاد

پی او ایس انعامی اسکیم کی ماہانہ قرعہ اندازی کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے اس سلسلے کی آٹھویں مسلسل قرعہ اندازی کی شاندار تقریب کا انعقاد   آج اسلام آباد میں ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں ہوا جس میں کل 1017 خوش نصیبوں نے 5 کروڑ 40 لاکھ روپے کے انعامات  جیتے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے فرائض ممبر ایڈمن اینڈ ایچ آر جناب ڈاکٹر فیض الہی میمن نے سرانجام دیئے جبکہ دیگر شرکاء میں ادارے کے اعلیٰ افسران اور قومی میڈیا کے نمائندگان شامل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پی او ایس پرائز اسکیم کامیابی سے جاری ہے اور وہ مقصد جس کے لئے اس کا آغاز کیا گیا تھا یعنی ٹیئر-ون میں شامل ریٹیلرز کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو پوائنٹ آف سیل نظام سے منسلک کیا جائے، اس کے حصول میں مزید کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم میں موجود شفافیت اور ایمانداری ایسے دو عناصر ہیں جن کے سبب عوام کی بڑی تعداد اس اسکیم میں ہر بڑھتے دن کے ساتھ شامل ہورہی ہے۔ کسی بھی معاشی حکمت عملی کی کامیابی کے لئے لازم ہے کہ وہ مستقل مزاجی سے کام کررہی ہو۔ ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ یہ اسکیم اپنے طے شدہ مقصد میں کامیاب ہوگی۔ 

مہمان خصوصی نے اس امر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں معاشی لین دین کی ڈیجیٹلائزیشن اور کاروباری عمل  کو خودکار بنانا، ایف بی آر کی حکمت عملی کے دو بنیادی ستون ہیں ، جن پر ایف بی آر بھرپور طریقے سے عمل پیرا ہے تاکہ ملک میں بروقت ٹیکس ادائیگی کے کلچر کو  پروان چڑھا یاجاسکے،خزانے کے زیاں کو روکا جاسکے اور اس کے ساتھ ساتھ کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے شرکاء کو یقین دلایا کہ  ملک بھر کے بڑے ریٹیلرز کو پی او ایس نظام میں منسلک کرنے کے لئےتمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز کو تمام ضروری ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے یہ امید ظاہر کی جناب عاصم احمد چیئرمین ایف بی آر کی قابل قیادت  اورایف بی آر کے عزم اور مستقل مزاجی کے ساتھ مالی سال 2023-2022 کا ریونیو ہدف کامیابی سے حاصل کیا جائے گا۔ 

مہمان خصوصی کے خطاب سے پہلے ممبر پبلک ریلیشنز ایف بی آر جناب سردار علی خواجہ نے خیرمقدمی کلمات کے دوران قومی میڈیا کے نمائندگان پر زور دیا کہ وہ عوامی حلقوں تک ملکی معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کی اہمیت کاپیغام پھیلائیں اور عوام کو اس اہم اسکیم سے متعلق آگاہ کریں تاکہ قومی معیشت کو دستاویزی بنانے کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو باضابطہ بنانے سے ناصرف ملک میں ٹیکس چوری کا خاتمہ ہوگا بلکہ معاشی استحکام کے نتیجے میں خوشحالی آئے گی۔ 

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملک میں ٹیئر-ون کے تمام ریٹیلرز پر پی او ایس نظام موثر طریقے سے  لاگو کرنے اور ایف بی آر کے لئےعوامی معاونت کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت پاکستان نے  فنانس بل 2021 میں پی او ایس انوائسنگ پرائز سکیم کی منظوری دی تھی۔  آج ہونے والی آٹھویں قرعہ اندازی سے پہلے ایف بی آر  ملک بھر میں اسی طرح کی سات کمپیوٹرائزڈ انعامی قرعہ اندازیاں کامیابی سے  منعقد کروا چکا ہے۔عوام اور ٹیئر-ون ریٹیلرز میں اس انعامی اسکیم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت صارفین کی جانب سے اپنی خریداری کی رسیدوں کا تصدیقی عمل سے گزارنا ہے جن کی تعداد ہر آنے والے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے۔

اس تقریب کے دوران گزشتہ قرعہ اندازی میں انعام جیتنے والے خوش نصیب صارفین کے ویڈیو کلپس بھی دکھائے گئے جس میں وہ ایف بی آر کی پی او ایس انعامی اسکیم  کو سراہتے ہوئے دکھائی دیئے۔ 5کروڑ 40 لاکھ کی خطیر انعامی رقم میں 10 لاکھ روپے کے نقد انعام میٹرو پاکستان کی طرف سے اپنے 10 صارفین کے لئے تھے۔ جیتنے والے خوش نصیبوں کا انتخاب ایک شفاف کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے قومی میڈیا پہ براہ راست دکھایا گیا۔