پریس ریلیز
***
ایران کے سفیر کی چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات
***
پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم نے جمعہ کے روز چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ملک امجد زبیر ٹوانہ سے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ممبر (ایڈمن) ،ممبر کسٹمز (آپریشنز )اور ایف بی آر کے سینئر حکام موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے کسٹمزسے متعلق اُمور، موثر بارڈر مینجمنٹ اور دونوں ممالک کے درمیان سرحد پار تجارت باالخصوص میر جاوے۔تفتان کراسنگ پوائنٹ کے راستے باآسانی روانی پر تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے میر جاوے۔تفتان کراسنگ پوائنٹ پر مزید گیٹ نصب کرنے کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ سرحد پار تجارت اور زائرین کی آسانی سے نقل وحمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ رمدان۔گبد کراسنگ پوائنٹ کو فعال بنانے سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
فریقین نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔چیئرمین ایف بی آر نے دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لئے کسٹمز سے متعلق مسائل کے حل کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ بارڈر سے متعلق تمام معاملات کو حل کرنے کے لئے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام اس ماہ کے آخر تک ایک اور میٹنگ کریں گے۔