Placeholder image

بلوچستان کے علاقے گڈانی کے قریب اسمگلنگ کے خلاف کارروائی: تقریباً 37 ارب روپے مالیت کی 500 کلوگرام میتھم فیٹامین (آئس) اور 3,500 غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد

پاکستان نیوی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ)، گڈانی کی جانب سے انٹیلی جنس پر مبنی انسدادِ منشیات کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں بلوچستان کے علاقے گڈانی کے قریب اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران 500 کلوگرام (Methamphetamine) (آئس) اور 3,500 بوتلیں غیر ملکی شراب برآمد کی گئیں، جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں تخمینہ شدہ مالیت تیرہ کروڑ بیس لاکھ امریکی ڈالر ہے جو کہ پاکستانی روپے میں تقریباً 37 ارب کے برابر بنتی ہے۔
 
مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ ٹیم نے مربوط بحری کارروائیوں کے دوران ان غیر قانونی کھیپوں کو روک لیا۔ غیر ملکی شراب کو بین الاقوامی سمندری راستوں کے ذریعے پاکستان اسمگل کیا جا رہا تھا، جبکہ منشیات کی کھیپ ایک بین الاقوامی منزل کے لیے روانہ کی جا رہی تھی۔
 
کامیاب روک تھام کے بعد قانونی تقاضوں کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) گڈانی نے ضبط کئے گئے اسمگل شدہ مال کو باضابطہ طور پر اپنی تحویل میں لے لیا۔
 
یہ کارروائی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کے کوآرڈینیشن فریم ورک کے تحت انجام دی گئی جو کہ اداروں کے درمیان بہترین تعاون،  مؤثر انٹیلی جنس  شیئرنگ اور بروقت عملی کاروائی کی عکاس ہے۔
 
انسدادِ منشیات کی یہ کامیاب کارروائی پاکستان نیوی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور ایف بی آر کی کڑی نگرانی ، پیشہ ورانہ صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتی ہے تاکہ پاکستان کی سمندری حدود  کو اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے بچایا جا سکے-