Placeholder image

ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن لاہور اور ملتان کی کاروائی 46 کروڑ کی ٹیکس چوری بے نقاب کر دی

ٹیکس چوری کی روک تھام پر جاری مہم کے سلسلے میں ڈائیریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر لاہور نے فیروز والا ، ضلع شیخوپورہ میں واقع سٹیل مل میں چھاپہ کے دوران 40 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری  پکڑ لی۔ سٹیل مل میں لوہے کے راڈ اور بلاک بنائے جارہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سٹیل مل نے ایک سال کے گوشواروں میں سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی صفر ظا ہر کی تھی جبکہ سال بھر میں بھاری بجلی کی کھپت ریکارڈ ہوئی۔ دستیاب ابتدائی معلومات کی بنیا د پر اور تمام قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کاروباری حدود میں چھاپہ مارا گیا اور دستاویزات کو ضبط کر لیا گیا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق 40 کروڈ روپے کی ٹیکس چوری کی گئی۔ مزید تحقیقات  جاری ہیں اور قانون کے مطابق چوری شدہ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

اسی نو عیت کےایک اور آپریشن میں ڈائیریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر ملتان نے انڈسٹریل اسٹیٹ ، ملتان میں واقع پولیپرو پائیلین بیگ تیار کرنے والے یونٹ کے خلاف سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی شق 38 اور 40 کے تحت کاروائی کی۔ کاغذات کی جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ اس یونٹ کیو ایف بی آر نے بلیک لسٹ کر رکھا تھا اس کے باوجود یونٹ بڑے پیمانے پر کافی عرصے سے کام کر رہا تھا اور اپنا سیلز ٹیکس نمبر بحال نہیں کروایا۔ کاورائی کے دوران بھاری مقدارمیں متعلقہ ریکارڈ برآمد ہوا ہے اور ابتدائی اندازے کےمطابق 6کروڑ روپے کی ٹیکس چوری کی گئی۔

ڈائیریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر اسلام آباد کی ہدایات پر ملک بھر میں ٹیکس فراڈ اور ریونیو کے نقصان کی روک تھام کے لئے کاروائیاں جاری  ہیں کیونکہ ایف بی آر اس ضمن میں زیرو ٹا لر نس کی واضح پالیسی پر عمل پیرا ہے۔