Placeholder image

چئیرمین ایف بی آر کی پاکستان کے لئے نامزد عالمی بینک کے کنٹری ڈائیریکٹر سے ملاقات

چئیرمین فیڈرل بور ڈ آف ریونیوعاصم احمد نے پاکستان کے لئے نامزد ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائیریکٹر  Najy Benhassine  سے ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایف بی آر کے لئے عالمی بینک کے سپانسر شدہ پروگرام 'پاکستان ریزز ریونیو ' کا جائزہ لیا گیا۔

400 ملین ڈالر کے اس پروگرام کا مقصد ٹیکس حصول کے طریقہ کار کو خودکار بنانا اور ٹیکس قوانین کی تعمیل کے طریقہ کار کو سادہ بنانا ہے۔ چئیرمین ایف بی آر نے ملاقات میں اصلاحاتی عمل کے لئے وضع کئے گئے پروگرام سے متعلقہ ادائیگی کے دس اعشاریوں پر اب تک  ہونے والی پیشرفت پر آگاہ کیا اور اصلاحاتی عمل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا ذکر کیا۔ ان رکاوٹوں میں صوبوں سے معلومات کا تبادلہ اور سندھ ہائی کورٹ کا ٹریک اینڈ ٹریس نظام پر سٹے آرڈر دینا، شامل ہیں جن کے بارے میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائیریکٹر کو آگاہ کیا گیا۔

ممبر ریفارمز عنبرین افتخار اور عالمی بینک کے پاکستان ریزز ریونیو پروگرام کے ٹیم لیڈر Mr. Raymond Muhulla بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں طے پایا کہ ایف بی آر کی ریفارم ونگ ٹیم عالمی بینک کے کنٹری ڈائیریکٹر کو ایف بی آر کے اصلاحاتی پروگرام کے کمپونینٹ ون جو کہ 320 ملین ڈالر پر مشتمل ہے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں حائل مشکلات پر تفصیلی بریفنگ دے گا۔

ایف بی آر اصلاحاتی پروگرام کے لئے وضع کئے گئے ادائیگی سے متعلق تمام اعشاریوں میں بہترین پیشرفت حاصل کر چکا ہے خاص طور پر ایف بی آر کا ٹیکس نظام کو خودکار بنانے اور مختلف اداروں سے معلومات کے تبادلہ کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنا شامل ہیں۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائیریکٹر نے چئیرمین ایف بی آر کی طرف سے پیش کئے جانے والے مسائل پر توجہ دینے  کی حامی بھری۔