Placeholder image

ایف بی آر نے شکایات کے ازالہ کا نیا نظام متعارف کر دیا

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے بدعنوانی اور بے ضابطگی کے خلاف جاری اقدامات کے تسلسل میں سرکلر جاری کیا ہے جس کے تحت ٹیکس گزار آئی آر فیلڈ دفاتر میں کرپشن اور رشوت ستانی میں ملوث کسی بھی افسر یا اہلکار کے خلاف شکایت درج کرا سکے گا۔ اس نئے طریقہ کار کی خصوصیت یہ ہے کہ شکایت کنندہ کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی تا کہ اس کو یہ خوف نہ ہو  کہ جس افسر یا اہلکار کے خلاف اس نے شکایت درج کی ہے وہ اس کے خلاف بے جا انتقامی کاروائی کرسکے۔

ایف بی آر نے کہا ہے کہ اس نئے طریقہ کار کی یہ خوبی ہے کہ تمام شکایات ممبر آئی آر آپریشنز خود وصول کریں گے۔ اس مقصد کے لئے ممبر آئی آر آپریشنز9203455555507 + نمبر استعمال کریں گے جو کہ ہر وقت  ممبر کے زیر استعمال ہو گا۔ قانون کے مطابق شکایات کو مکمل رازدارانہ طریقہ کے مطابق کھو لا اور پرکھا جائے گا۔ شکایت کنندہ کی شناخت کوفورا'' چھپا دیا جائے گا تا کہ اس کے خلاف کسی قسم کی زیادتی نہ کی جا سکے۔

ایف بی آر نے شکایات درج کرنے کا طریقہ کار وضع کر دیا ہے جس کے مطابق شکایت کنندہ  کو اوپر درج کئے گئے موبائل نمبرپر ٹیکسٹ میسج کر کے شکایت درج کرانا ہو گی۔ ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ واٹس ایپ پر شکایات درج کرائیں۔ واٹس ایپ میسج کے ذریعے شکایت کنندہ اپنا نام، پتہ ، شناختی کارڈ نمبر ، اپنی شکایت کی تفصیل اور موبائل نمبر درج کرے گا۔ شکایت کنندہ اس افسر یا اہلکار کا نام، عہدہ اور تعیناتی کا سٹیشن بھی درج کرے گا جس کے خلاف شکایت درج کی جانی ہے۔

شکایت کنندہ کو شکایت کے ساتھ کوئی آڈیو ، ویڈیو یا ٹیکسٹ میسج کی شکل میں ثبوت بھی فراہم کرنا ہو گا جو کہ شکایت کے ساتھ بھیجی جا سکے یا پھر بعد میں ڈاک کے ذریعے بھیجی جا سکے۔ اگر شکایت کے ساتھ ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں تو شکایت کنندہ کو بیان حلفی دینا ہو گا جس میں الزامات کی تفصیل اور جس کے بارے میں الزامات لکھے گئے ہیں اس کی معلومات درج کی گئی ہوں۔شکایت وصول ہونے کے بعد ہر شکایت کنندہ کو ایک کوڈ نمبر الاٹ کیا جائے گا اور فیلڈ دفاتر کے لئے شکایت کنندہ کی شناخت مخفی رکھی جائے گی۔ اس کوڈ کے ذریعے شکایت کنندہ اپنی شکایت کو ٹریک کر سکے گا۔ ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ شکایت کی تفصیلات کی جانچ پڑتال کرکے جلد از جلد شکایت کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ ثبوت کے بغیر جنرل شکا یت پر کوئی ایکشن نہیں لیا جائے گا۔

ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ شکایت کے اس طریقہ کار کو صرف اسی لئے وضع کیا ہے کہ فیلڈ دفاتر میں بدعنوانی اور رشوت ستانی کا قلع قمع کیا جا سکے۔ ریفنڈز، ٹیکس تخمینہ ، بد انتظامی اور اس طرح کی دوسری شکایات کے لئے ٹیکس گزار چیف کمشنر سے براہ راست رابطہ کریں ۔ چیف کمشنرز کو ایف بی آر کے حکمنامہ بتاریخ  16نومبر  2020 کے تحت آئی آر محتسب کا عہدہ دے دیا گیا ہے تاکہ وہ جلد از جلد شکایت کا ازالہ کر سکے۔

ایف بی آر نے مزید وضاحت  میں کہا ہے کہ اس نئے طریقہ کار کے علاوہ ٹیکس گزار شکایات کے ازالے  کے لئے پہلے سے وضع کردہ   فورم جیسے انٹیگریٹی مینجمنٹ سیل، پاکستان سٹیزن پورٹل اور ایف بی آر ہیلپ لائن کو بھی استعمال کر کے اپنی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں۔