Placeholder image

ایف بی آر اور ایکسائز ٹیکسیشن دفتر حکومت پنجاب کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

فیڈر ل بورڈ آف ریوینیو اور حکومت پنجاب کے ایکسائزٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معلومات کے تبادلہ پر مفاہمت کی یاداشت پر دستخط طے پائے ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول حکومت پنجاب لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں حکومت پنجاب کے وزیر برائے ایکسائز نارکوٹکس حافظ ممتاز احمد ، ممبر آئی ٹی ایف بی آر عاصم احمد ، سیکریٹری ایکسائز ٹیکسیشن وجہیہ اللہ کنڈی، چئیرمین پنجاب ریوینیو اتھارٹی زین العابدین اور ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مسعودالحق شریک تھے۔
مفاہمت کی یادداشت کے تحت ایف بی آر کو شناختی کارڈ کے اندراج پر گاڑیوں، جائیداد اور پروفیشنلز کے بارے میں معلومات میسر آیئں گی۔ اسی طرح گیسٹ ہاوسز کا ڈیٹا ، روئی دھننے والے کارخانے اور دوسرے رجسٹرڈ پروفیشنلز کے بارے میں معلومات ایکسائز ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول پنجاب کو میسر ہوں گی۔ مفاہمت کی یادداشت معلومات کے تبادلہ پر صیغہ راز کے تقاضوں کے مطابق دونوں اداروں کے مستقبل میں اٹھائے جانے والے اقدامات میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان اقدامات سے ٹیکس گزاروں کی نشاندہی ممکن ہو گی اور ریونیو کے نقصان کا سد باب ہو سکے گا۔ دونوں اداروں نے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تا کہ ٹیکس اکھٹا کرنے میں اضافہ حاصل کیا جا سکے۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ معلومات کا تبادلہ محفوظ ویب سروس کے تحت کیا جائے گا جس میں انسانی عمل دخل کم سے کم ہو۔ ایف بی آر معیشت کو دستاویزی بنانے کے لئے اس طرح کے تعاون  کو دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے۔